*ڈی پی او جھنگ ساجد حسین کی جانب سے شورکوٹ سرکل کے تینوں تھانوں میں کھلی کچہریوں کا انعقاد*
جھنگ ( شیخ غلام مصطفیٰ ) وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق عوام کو فوری اور بلا تاخیر انصاف کی فراہمی کے حوالے سے ڈی پی او جھنگ ساجد حسین کی جانب سے کھلی کچہریوں کا انعقاد تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں شورکوٹ سرکل کے تینوں تھانوں میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا،
جہاں شہریوں کو براہِ راست اپنی شکایات پیش کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔کھلی کچہریوں کے دوران مجموعی طور پر 103 شہریوں نے مختلف نوعیت کے مسائل اور شکایات پیش کیں۔ ڈی پی او ساجد حسین نے ہر درخواست کو بغور سنا اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو احکامات جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام شکایات کو میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر فوری حل کیا جائے۔
اس موقع پر ڈی ایس پی شورکوٹ سرکل اور متعلقہ ایس ایچ اوز بھی ہمراہ موجود رہے، جنہوں نے شہریوں کے مسائل کے حوالے سے موقع پر بریفنگ دی۔ڈی پی او ساجد حسین نے تھانہ وریام کے ایس ایچ او کی نمایاں کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام دینے کا اعلان کیا،
جبکہ ڈی ایس پی شورکوٹ سرکل کی پیشہ وارانہ خدمات کے اعتراف میں لیٹر آف اپریسی ایشن دینے کا بھی اعلان کیا گیا۔اس موقع پر ڈی پی او ساجد حسین کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت شہریوں کو ان کی دہلیز پر پولیس سروسز کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے،
تاکہ عوام کو درپیش مسائل کا فوری ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید مؤثر بنایا جائے گا اور کسی بھی مجرم کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ڈی پی او نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیس اور عوام کے درمیان فاصلے کم کر کے باہمی اعتماد کو فروغ دیا جائے گا،
کیونکہ ایک پرامن معاشرے کے قیام کے لیے عوام اور پولیس کا باہمی تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے مسائل کا فوری، شفاف اور میرٹ پر حل ان کی اولین ترجیح ہے، اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
شیخ غلام مصطفیٰ چیف ایڈیٹر پاکستان آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +