شورکوٹ کینٹ (شیخ غلام مصطفیٰ) زیر تعمیر مکان کے واٹر ٹینکر میں گرنے سے چار سالہ معصوم بچہ جان بحق، پورے علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی

*عید کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں*— *معصوم بچہ زیرِ تعمیر واٹر ٹینک میں گر کر جاں بحق*
شور کوٹ کینٹ (شیخ غلام مصطفیٰ ) تحصیل شورکوٹ میں ایک افسوسناک حادثے کے نتیجے میں چار سالہ معصوم بچہ جان کی بازی ہار گیا۔

ریسکیو 1122 کنٹرول روم کو اطلاع موصول ہوئی کہ جھنگ والا پھاٹک، شورکوٹ کینٹ روڈ کے قریب ایک زیرِ تعمیر گھر کے انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک میں کھیلتے ہوئے ایک بچہ گر گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو کنٹرول روم نے قریبی ایمبولینس اور ریسکیو ٹیم کو فوری طور پر جائے حادثہ کی طرف روانہ کر دیا۔

ریسکیو 1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا اور بچے کو ٹینک سے باہر نکالا، تاہم بدقسمتی سے بچہ موقع پر ہی جاں بحق ہو چکا تھا۔ جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت عبدالہادی ولد محمد بلال نصیر (عمر تقریباً 4 سال) کے نام سے ہوئی جو کہ چک نمبر 327 کا رہائشی تھا۔ لواحقین نے بچے کو ہسپتال منتقل کرنے سے انکار کر دیا جس کے بعد ریسکیو ٹیم نے قانونی کارروائی کے بعد میت لواحقین کے حوالے کر دی۔

یہ افسوسناک واقعہ اس بات کی یاد دہانی ہے کہ چھوٹے بچوں کی معمولی سی لاپرواہی بھی بڑے سانحے کا سبب بن سکتی ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق اکثر ایسے حادثات گھروں میں موجود کھلے واٹر ٹینک، بور ہولز یا زیرِ تعمیر مقامات کی وجہ سے پیش آتے ہیں۔

ریسکیو 1122 کی والدین اور شہریوں سے اہم اپیل
ریسکیو 1122 نے شہریوں خصوصاً والدین سے اپیل کی ہے کہ:
زیرِ تعمیر گھروں میں موجود واٹر ٹینک، گڑھے یا بور ہولز کو مضبوط ڈھکن یا ڈھانچے سے لازمی بند رکھیں۔

چھوٹے بچوں کو اکیلا کھیلنے کے لیے نہ چھوڑیں اور ہمیشہ ان پر نظر رکھیں۔
تعمیراتی جگہوں پر حفاظتی باڑ یا رکاوٹیں لگائیں تاکہ بچے وہاں نہ جا سکیں۔
گھروں میں موجود خطرناک جگہوں کے بارے میں بچوں کو مناسب آگاہی دیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ تھوڑی سی احتیاط کئی قیمتی جانوں کو بچا سکتی ہے، کیونکہ ایک لمحے کی غفلت کبھی کبھی پوری زندگی کا دکھ بن جاتی ہیں-

شیخ غلام مصطفیٰ چیف ایڈیٹر پاکستان آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +