غربت،بے روزگاری یا گھریلو ناچاقی ،ماں سمیت تین بچوں کی لاشیں گھر سے برآمد، تفتیش کے لیے شوہر گرفتار

میلسی کے علاقے فتح پور میں پیش آنے والا یہ افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پورے علاقے کو سوگ میں مبتلا کر گیا۔ ایک ہی گھر سے ماں اور اس کے تین معصوم بچوں کی لاشوں کا برآمد ہونا نہ صرف ایک خاندان بلکہ پوری انسانیت کے لیے ایک بڑا سانحہ ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 30 سالہ ثریا بی بی، 8 سالہ حسن، 7 سالہ دلشاد اور 3 سالہ اسد شامل ہیں۔ معصوم بچوں کی دردناک موت نے ہر آنکھ کو اشکبار کر دیا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال خود موقع پر پہنچ گئے جبکہ فرانزک اور سی آر او ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے لیے خاتون کے شوہر کو حراست میں لے لیا ہے اور واقعے کے ہر پہلو کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق جلد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔

یہ واقعہ کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے۔ آخر ایک ماں اور اس کے معصوم بچوں کے ساتھ ایسا کیا ہوا کہ پورا گھر خاموش لاشوں میں بدل گیا؟ ایسے سانحات ہمارے معاشرے میں بڑھتی بے چینی، گھریلو مسائل اور عدم تحفظ کی ایک خطرناک تصویر پیش کرتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف مل سکے۔

آخری اطلاعات کے مطابق پولیس نے گھر کے سربراہ کو گرفتار کر لیا ہے –