ناقص اور غیر معیاری جوتوں کی فروخت پر سروس شوز کے برانچ مینجر کی گرفتاری، عدالت میں پیش
فیصل آباد (سلیم راجپوت) فیصل آباد کی عدالت نے ناقص اور غیر معیاری جوتوں کی فروخت سے متعلق صارف کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے سروس شوز کی سلیمی چوک، چن ون روڈ برانچ کے مینجر کے خلاف عدالتی حکم پر کارروائی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہری محمد شبیر سرور عرف بگی نے سروس شوز کے خلاف پنجاب کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ 2005 کے تحت درخواست دائر کی تھی۔ درخواست گزار کے مطابق اس نے برانچ سے جوتے خریدے، تاہم استعمال کے کچھ ہی دیر بعد جوتے خراب ہو گئے۔ شہری کا مؤقف تھا کہ اس نے جوتوں کی تبدیلی کا مطالبہ کیا مگر اسے نئے جوتے فراہم کرنے کے بجائے رقم کا مطالبہ کیا گیا۔
دستاویزات کے مطابق کنزیومر کورٹ نے مقدمہ کی سماعت کے بعد شکایت کو درست قرار دیتے ہوئے مدعا علیہ کے خلاف ڈگری جاری کی۔ عدالتی فیصلے میں نقصان، متبادل جوتوں کی قیمت، ہرجانہ اور دیگر اخراجات کی مد میں مجموعی طور پر 5 لاکھ 55 ہزار روپے ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق عدالتی حکم کی تعمیل نہ ہونے پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج/پریذائیڈنگ آفیسر محمد فواد عارف کے حکم پر عدالتی بیلف محمد حسیب نے کارروائی کرتے ہوئے سروس شوز کی مذکورہ برانچ کے مینجر کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کر دیا۔
عدالتی کارروائی کے بعد شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ صارفین کو معیاری اشیاء کی فراہمی اور ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا کمپنیوں اور دکانداروں کی قانونی ذمہ داری ہے، جبکہ ناقص یا غیر معیاری اشیاء کی فروخت پر صارفین قانون کے مطابق متعلقہ فورم سے رجوع کر سکتے ہیں۔