عنوان: ربیع الاول ،محبت اور رحمت کا بابرکت مہینہ
مصنفہ : صاحبزادی خان
شہر کا نام : خانیوال
ربیع الاول تمام مسلمانوں کے لیے ایک بہت ہی خوشی اور خوشخبری کا مہینہ ہے، کیونکہ اسی بابرکت مہینے میں ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ اس دنیا میں تشریف لائے۔
میں بہت دنوں سے سوچ رہی تھی کہ اس پیارے اور بابرکت مہینے کے متعلق ایک اچھا سا پیغام آپ سب کے ساتھ شیئر کروں۔
ہمیں مسلمان بن کر سب سے پہلے اپنے رب کا حکم ماننا چاہیے اور اس کی نافرمانی نہیں کرنی چاہیے۔ اپنے والدین کی کبھی بھی نافرمانی نہ کریں، کیونکہ وہ جو کچھ کہتے ہیں، ہماری بھلائی کے لیے کہتے ہیں۔
کبھی کسی کا دل نہ دکھائیں۔ اگر کسی کی کوئی بات یا کوئی راز آپ کے سامنے آیا ہے تو اس کی پردہ پوشی کریں۔ اگر آپ نے کسی کا نمک کھایا ہے تو ہمیشہ اس کی عزت اور احترام کریں۔ اگر کسی نے آپ کی مدد کی ہے تو ہمیشہ اس کے احسان مند اور ممنون رہیں۔ کبھی بھی کسی کو اذیت نہ پہنچائیں۔
اگر آپ نے کسی کی مدد کی ہے تو اس کا صلہ لوگوں سے مت مانگیں، کیونکہ آپ کی نیکی کا بہترین بدلہ آپ کا رب عطا کرے گا۔ لوگوں سے امیدیں لگانا یا اپنے احسان کے بدلے میں ان سے کچھ ملنے کی توقع رکھنا بے معنی ہے۔ جو کچھ آپ نے خلوصِ نیت سے کیا، اسے اپنے رب کے سپرد کر دیں، کیونکہ وہ آپ کی ہر نیکی، ہر قربانی اور ہر نیت سے باخبر ہے۔
یاد رکھیں، رب کی ذات ہی ہے جو آپ کو یہاں تک لے کر آئی ہے اور وہی ذات ہے جو آپ کو آگے بھی لے کر جائے گی۔ اس لیے لوگوں کے سہاروں سے زیادہ اپنے رب پر بھروسہ رکھیں۔
ہماری زندگی میں بہت بار ایسے واقعات اور حالات آتے ہیں کہ ہم مایوس ہو جاتے ہیں، ہمارا ایمان کبھی کبھار ڈگمگا جاتا ہے اور ہم سے بہت سی غلطیاں بھی ہو جاتی ہیں۔ لیکن ہمیں کبھی اپنے رب کی رحمت سے مایوس نہیں ہونا چاہیے۔
جب بھی آپ کو یہ احساس ہو کہ آپ غلط تھے، فوراً اپنے رب کی طرف رجوع کریں، اس سے معافی مانگیں اور ایک نئی شروعات کریں۔ آپ کا رب ہمیشہ آپ کے ساتھ ہے۔ جہاں، جس دن اور جس لمحے بھی آپ اسے پکاریں گے، آپ اسے اپنے قریب پائیں گے۔
دن ہو یا رات، روشنی ہو یا اندھیرا، خوشی ہو یا غم، ہمیشہ اپنے رب کے طلب گار اور شکر گزار رہیں۔ اس کی نعمتوں کا شکر ادا کریں، اس کی رحمت پر یقین رکھیں اور اس کے فیصلوں پر بھروسہ کریں۔
کیونکہ رب سے بہتر نہ کوئی مددگار ہے، نہ کوئی محافظ اور نہ ہی کوئی بہترین دوست۔
اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے پیارے نبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی سیرت پر چلنے، اپنے والدین کی عزت کرنے، دوسروں کے دل نہ دکھانے، لوگوں کے عیبوں کی پردہ پوشی کرنے، بے غرض ہو کر دوسروں کی مدد کرنے اور ہر حال میں اپنے رب کی طرف رجوع کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین۔