*لودھراں: سکول میں کیمیکل کی بوتل ٹوٹنے سے 14 بچے جھلس کر زخمی، ہسپتال منتقل*
لودھراں (شیخ غلام مصطفیٰ ) ملتان روڈ بائی پاس، اڈہ پرمٹ کے قریب رحمان پبلک سکول میں کیمیکل کی بوتل ٹوٹنے سے 14 بچے جھلس کر زخمی ہوگئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق بچے کلاس روم میں کھیل رہے تھے کہ اس دوران ان کی بال اوپر رکھی کیمیکل کی بوتل سے جا ٹکرائی۔ بوتل نیچے گر کر ٹوٹ گئی اور کیمیکل کے چھینٹے کلاس روم میں موجود بچوں پر پڑنے سے وہ جھلس کر زخمی ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور متاثرہ بچوں کو فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال لودھراں منتقل کر دیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق امدادی ٹیمیں 3 منٹ کے رسپانس ٹائم میں جائے حادثہ پر پہنچیں۔ ریسکیو آپریشن میں 4 ایمبولینسز، 2 موٹر بائیکس، ایک ریسکیو وہیکل اور ایک فائر وہیکل نے حصہ لیا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر شکیل احمد نے ریسکیو آپریشن کی خود نگرانی کی اور زخمی بچوں کو طبی امداد کی فراہمی اور ہسپتال منتقلی کے عمل کا جائزہ لیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد اشرف اور ڈی ایس پی عابد حسین بھلہ بھی ہسپتال پہنچ گئے، جہاں انہوں نے زخمی بچوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے۔
ریسکیو کنٹرول روم لودھراں کے مطابق واقعے میں مجموعی طور پر 14 بچے زخمی ہوئے، جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔