عمرے کی آڑ میں غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش ناکام،جھنگ کے شہری سمیت دو مسافر آف لوڈ

*عمرے کی آڑ میں غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش ناکام، ملتان ایئرپورٹ پر دو مسافر آف لوڈ*

ملتان (شیخ غلام مصطفیٰ ) ایف آئی اے امیگریشن نے ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے عمرے کی آڑ میں غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش ناکام بنا دی اور انسانی اسمگلنگ میں مبینہ طور پر ملوث منظم گینگ سے رابطے کے شبے میں دو مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق آف لوڈ کیے گئے مسافروں کی شناخت ساجد علی اور کاشف علی کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق بالترتیب بہاولپور اور جھنگ سے بتایا گیا ہے۔ دونوں مسافر فلائٹ نمبر PF702 کے ذریعے عمرہ ویزے پر سعودی عرب روانہ ہو رہے تھے۔

امیگریشن کلیئرنس کے دوران مسافروں کی نقل و حرکت اور سفری دستاویزات مشکوک پائے جانے پر ان سے پوچھ گچھ کی گئی۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق دونوں مسافر مبینہ طور پر انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایک منظم گروہ کے رابطے میں تھے اور ان کا منصوبہ سعودی عرب پہنچنے کے بعد یمن اور لیبیا کے راستے غیر قانونی طور پر یورپ جانے کا تھا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق مسافروں نے غیر قانونی طور پر یورپ بھجوانے میں ملوث ایجنٹوں کا واٹس ایپ گروپ بھی جوائن کر رکھا تھا، جبکہ ان کے موبائل فونز سے مبینہ ایجنٹوں کے ساتھ رابطوں کے شواہد بھی حاصل کر لیے گئے ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق گینگ کے کارندے مسافروں کو امیگریشن کلیئرنس کے حوالے سے بھی ہدایات فراہم کر رہے تھے۔

ایف آئی اے امیگریشن نے دونوں مسافروں کو مزید تفتیش، ایجنٹوں کی نشاندہی اور گینگ کے دیگر کارندوں تک پہنچنے کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان منتقل کر دیا ہے، جہاں مزید تحقیقات جاری ہیں۔

شیخ غلام مصطفیٰ چیف ایڈیٹر پاکستان آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +