گھریلو رنجش کے باعث کزن کے ہاتھوں 4 سالہ بچہ قتل، ملزمہ گرفتار

*گھریلو رنجش خونی سانحہ بن گئی، نواحی گاؤں 321 گ ب میں 4 سالہ حسن مبینہ طور پر کزن کے ہاتھوں قتل، ملزمہ گرفتار*

*ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی گاؤں 321 گ ب میں گھریلو تنازعہ ایک ہولناک سانحے میں تبدیل ہو گیا، جہاں چار سالہ معصوم بچے حسن کو مبینہ طور پر اس کی کزن مصباح نے قتل کر دیا۔ واقعے نے پورے علاقے میں خوف، غم اور تشویش کی لہر دوڑا دی

، جبکہ اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر جمع ہو گئی۔پولیس کے مطابق واقعے سے قبل دونوں خاندانوں کی خواتین کے درمیان گھریلو نوعیت کا جھگڑا ہوا تھا۔ ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ اسی رنجش کے تناظر میں ملزمہ مصباح مبینہ طور پر معصوم حسن کو بہلا پھسلا کر اپنے گھر لے گئی، جہاں اسے قتل کر دیا گیا۔

واردات کے بعد ملزمہ نے بچے کی لاش کو بستر میں لپیٹ کر چھپا دیا تاکہ کسی کو اس بارے میں فوری طور پر علم نہ ہو سکے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ تھانے کی پولیس بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچی، جائے وقوعہ کو اپنی تحویل میں لے کر شواہد اکٹھے کیے اور معصوم بچے کی لاش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی کارروائی کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا –

شیخ غلام مصطفیٰ چیف ایڈیٹر پاکستان آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +