تلہ گنگ میں 17 سالہ لڑکی کے اندھے قتل کا معمہ حل، بہنوئی ہی قاتل نکلا
چکوال پولیس نے تلہ گنگ کے قریب گاؤں موگلہ کی ڈھوک ڈالی میں 17 سالہ لڑکی کے اندھے قتل کا معمہ چار روز میں حل کرتے ہوئے مبینہ قاتل کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ والدہ کے انتقال اور والد کی دوسری شادی کے بعد گزشتہ 7 سے 8 سال سے ایک رشتہ دار کے گھر رہائش پذیر تھی۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ قتل میں مبینہ طور پر اس کا اپنا بہنوئی ملوث تھا، جو اٹک کا رہائشی اور دو بچوں کا باپ ہے۔
پولیس تفتیش کے مطابق ملزم کے مقتولہ کے ساتھ مبینہ ناجائز تعلقات تھے اور وہ اس سے شادی کرنا چاہتا تھا۔ اسی مقصد کے لیے وہ لڑکی کو پنڈی گھیب لے گیا، جہاں ایک مقامی مولوی سے نکاح کے حوالے سے رابطہ کیا گیا، تاہم پہلی بیوی کے موجود ہونے اور لڑکی کی کم عمری کے باعث نکاح ممکن نہ ہو سکا۔
پولیس کے مطابق نکاح کی کوشش ناکام ہونے کے بعد ملزم 30 جولائی کی رات لڑکی کو واپس تلہ گنگ لے آیا۔ گاؤں کے قریب پہنچنے پر لڑکی نے گھر واپس جانے سے انکار کیا تو مبینہ طور پر ملزم نے اسے زبردستی لے جانے کی کوشش کی۔ مزاحمت پر اس نے سر پر پتھر مارا اور گلا گھونٹ کر قتل کر دیا۔