فیکٹری سے لوہا چوری کا معاملہ، دو پولیس اہلکار جرم ثابت ہونے پر گرفتار

پیکو فیکٹری سے لوہا چوری، 2 پولیس اہلکار گرفتار

لاہور میں پیکو فیکٹری سے لوہا چوری کرنے کے الزام میں تھانہ قائداعظم انڈسٹریل ایریا کے دو پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق پولیس اہلکار پیکو فیکٹری سے لوہا چوری کرنے میں ملوث پائے گئے، جن کے قبضے سے 60 کلوگرام چوری شدہ لوہا برآمد کر لیا گیا ہے۔

دونوں اہلکاروں کے خلاف چوری اور اختیارات کے غلط استعمال کی دفعات کے تحت مقدمہ نمبر 828/26 درج کر لیا گیا ہے۔ گرفتار اہلکاروں کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے واضح کیا ہے کہ پولیس ڈیپارٹمنٹ میں قانون شکنی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے محافظ اگر قانون توڑیں گے تو قانون ان کے خلاف دوگنا سختی سے حرکت میں آئے گا۔