آئی سی آئی پل پر ٹریفک جام کا مسئلہ جلد حل کیا جائے گا، ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کی یقین دہانی، صدر کے جی سی اے رانا محمد اسلم کی قیادت میں وفد کی ڈی آئی جی ٹریفک سے ملاقات، نیو قائداعظم ٹرک اسٹینڈ پر 6 ٹریفک پولیس اہلکار تعینات، رپورٹ ملک نیر

آئی سی آئی پل پر ٹریفک جام کا مسئلہ جلد حل کیا جائے گا، ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کی یقین دہانی

صدر کے جی سی اے رانا محمد اسلم کی قیادت میں وفد کی ڈی آئی جی ٹریفک سے ملاقات، نیو قائداعظم ٹرک اسٹینڈ پر 6 ٹریفک پولیس اہلکار تعینات

کراچی: کراچی گڈز کیریئر ایسوسی ایشن (کے جی سی اے) کے صدر رانا محمد اسلم کی قیادت میں وفد نے ڈی آئی جی ٹریفک پولیس کراچی پیر محمد شاہ سمیت دیگر ٹریفک پولیس افسران سے ملاقات کی، جس میں آئی سی آئی پل پر ٹریفک جام، گڈز ٹرانسپورٹ کی آمدورفت میں رکاوٹوں اور نیو قائداعظم ٹرک اسٹینڈ پر ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں نیو قائداعظم ٹرک اسٹینڈ پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے 6 ٹریفک پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا۔

ملاقات میں کے جی سی اے کے جنرل سیکریٹری حاجی عبید گل، جوائنٹ سیکریٹری چوہدری خاور شکور، فنانس سیکریٹری ملک ریاض اقبال اعوان، چیئرمین پولیس کمیٹی یوسف ہارون خان، چیئرمین انکروچمنٹ کمیٹی فیضان خان لوہانی، چیئرمین پورٹ اینڈ شپنگ کمیٹی سمیع الحق بنگش، چیئرمین مصالحتی کمیٹی سردار قمر الزماں، ایگزیکٹو ممبران محمد اعجاز چوہدری، محمد نواز تنولی اور محمد سہیل خان نے شرکت کی، جبکہ سابق ایگزیکٹو ممبر کے جی سی اے ملک مصباح الحق اعوان، سردار علی گوہر، ڈاکٹر فرحان، ملک ارشد سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

اس موقع پر صدر رانا محمد اسلم نے ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کو آئی سی آئی پل پر ٹریفک جام کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے باعث گڈز ٹرانسپورٹ کی گاڑیوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ٹریفک جام سے مال بردار گاڑیوں کی نقل و حرکت میں تاخیر ہوتی ہے، جس سے ٹرانسپورٹرز کے معمولات اور سامان کی ترسیل بھی متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ ٹرانسپورٹ برادری کو درپیش مشکلات کا ازالہ ممکن ہو سکے۔

وفد نے نیو قائداعظم ٹرک اسٹینڈ پر ٹریفک کے انتظامات بہتر بنانے، گاڑیوں کی آمدورفت کو منظم رکھنے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اس سلسلے میں ٹرک اسٹینڈ پر 6 ٹریفک پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کو اہم پیش رفت قرار دیا گیا، جس سے ٹریفک کی نگرانی اور انتظامی امور میں بہتری لانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک پولیس کراچی پیر محمد شاہ نے وفد کو آئی سی آئی پل پر ٹریفک جام کے مسئلے کے حل کے لیے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں اس امید کا اظہار کیا گیا کہ ٹریفک پولیس اور کراچی گڈز کیریئر ایسوسی ایشن کے درمیان رابطوں اور باہمی تعاون کے ذریعے ٹریفک کے مسائل حل کرنے، مال بردار گاڑیوں کی بلا رکاوٹ آمدورفت یقینی بنانے اور ٹرانسپورٹ برادری کو درپیش مشکلات کم کرنے میں مدد ملے گی۔

کے جی سی اے کی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گڈز ٹرانسپورٹ برادری کے مسائل متعلقہ حکام کے سامنے مؤثر انداز میں اٹھانے اور ان کے حل کے لیے رابطوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

شیخ غلام مصطفیٰ چیف ایڈیٹر پاکستان آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +