پنڈی بھٹیاں کے قریب مسافر بس کو خوفناک حادثہ، قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا خدشہ!
آج صبح لاہور سے چنیوٹ کی طرف آنے والی مسافر بس پنڈی بھٹیاں کے قریب سیم نالے میں جا گری۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بس میں تقریباً 65 افراد سوار تھے، جبکہ 40 افراد کے شدید زخمی ہونے اور 5 افراد کی لاشیں نکالے جانے کی اطلاعات ہیں۔ حتمی اعداد و شمار متعلقہ حکام کی تصدیق سے مشروط ہیں۔
آخر انسانی زندگیوں سے یہ کیسا کھیل ہے؟
سڑکوں پر تیز رفتاری اور لاپروائی کب تک قیمتی انسانی جانیں نگلتی رہے گی؟ مسافر بسوں کی رفتار دیکھ کر یوں محسوس ہوتا ہے جیسے ڈرائیوروں کو منزل پر پہنچنے کی جلدی تو ہے، مگر مسافروں کی زندگیوں کی حفاظت سب سے اہم ذمہ داری ہے، اسے فراموش کر دیا جاتا ہے۔
خدارا! ذرا احساس کریں، ان بسوں میں سفر کرنے والے کسی کے والد، کسی کے بیٹے، کسی کے بھائی اور کسی خاندان کے واحد کفیل ہوتے ہیں۔ چند منٹ بچانے کی خاطر کئی خاندانوں کو عمر بھر کے دکھ میں مبتلا نہ کریں۔
ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد، تیز رفتاری کے خلاف مؤثر کارروائی اور مسافر بسوں کی فٹنس و ڈرائیوروں کی ذمہ داری کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
پنڈی بھٹیاں کے قریب ٹریفک حادثہ، پانچ افراد شہید
عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے رہنماؤں کا اظہارِ افسوس، شہداء کے لواحقین سے تعزیت
**اِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ**
رائیونڈ سے تحفظِ ختمِ نبوت کانفرنس مسلم کالونی چناپ نگر ضلع چنیوٹ میں شرکت کے لیے جانے والے افراد کی گاڑی پنڈی بھٹیاں کے قریب المناک حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں اطلاعات کے مطابق پانچ افراد شہید ہوگئے۔
اس افسوس ناک حادثے پر عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے رہنماؤں اور مبلغین مولانا اللہ وسایا، مولانا صاحبزادہ عزیز احمد، مولانا محمد اسماعیل شجاع آبادی، مولانا عزیز الرحمن ثانی، مولانا عبدالحکیم نعمانی، مولانا محمد اسحاق ساقی اور مولانا عبدالنعیم لاہور نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
رہنماؤں نے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس المناک حادثے پر دل رنجیدہ ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کی مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا کرے اور زخمیوں کو صحتِ کاملہ و عاجلہ نصیب فرمائے۔
**اللہ تعالیٰ تمام شہداء کی شہادت قبول فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے اور غم زدہ خاندانوں کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔**