اغواء برائے تاوان کے بعد قتل کا اندوہناک واقعہ ،پولیس کی کاوشیں رنگ لے آئیں، ملزمان گرفتار، جرم کا اعتراف

کم سن بچہ اغواء کے بعد قتل

نواں لاہور پولیس کی بڑی کامیابی اغواء برائے تاوان کے بعد قتل کا اندوہناک مقدمہ ٹریس
ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل گوجرہ میں نواں لاہور پولیس نے اغواء برائے تاوان کے بعد کمسن بچے کے بہیمانہ قتل کے اندوہناک مقدمے کو کامیابی سے ٹریس کرتے ہوئے دو نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ مغوی بچے کی لاش بھی برآمد کر لی گئی-

تفصیلات کے مطابق مدعی مقدمہ مجاہد اقبال نے 20 جنوری 2026 کو تھانہ نواں لاہور پولیس کو اطلاع دی کہ اس کا 9 سالہ بیٹا ابو بکر ولد مجاہد اقبال نامعلوم افراد نے اغواء کر لیا ہے اور اغواء کار فون کالز کے ذریعے تاوان کا مطالبہ کر رہے ہیں-

واقعے کی سنگینی کے پیش نظر ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ فضل عباس نے فوری طور پر مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے، جس پر مقدمہ نمبر 31/26 تھانہ نواں لاہور میں درج کیا گیا
ڈی ایس پی گوجرہ علم دین کی نگرانی اور ایس ایچ او تھانہ نواں لاہور محمد شکیب رضا بٹ کی سربراہی میں پولیس کی خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت کا استعمال کرتے ہوئے دن رات کی انتھک محنت سے دونوں ملزمان ذوالقرنین رضا اور کمال عرف اقبال پسران ضیاء اللہ سکنہ 339 ج ب کو گرفتار کر لیا-

ملزمان کا جسمانی ریمانڈ دہشت گردی عدالت فیصل آباد سے حاصل کیا گیا دورانِ تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے مغوی بچے کے والد سے 30 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔ تاوان ادا نہ ہونے پر ملزمان نے انتہائی سفاکی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچے کو سیب کے مربے میں زہر ملا کر کھلایا جس سے بچے کی موت واقع ہو گئی-

ملزمان نے مزید بتایا کہ بچے کی لاش کو بحد رقبہ 340 ج ب سیم نہر کے کنارے دفن کر دیا گیا تھا جسے ملزمان کی نشاندہی پر برآمد کر لیا گیا ہے-

پولیس نے ضابطے کی کارروائی مکمل کر کے ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔ نواں لاہور پولیس کی اس بروقت اور مؤثر کارروائی کو عوامی حلقوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے اور پولیس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے-

شیخ غلام مصطفیٰ چیف ایڈیٹر پاکستان آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +