حنین شاہ کی بہتر کارکردگی، شاہ برادران کے چرچے

پاکستان سپر لیگ میں نوجوان فاسٹ بولر حنین شاہ اپنی شاندار کارکردگی کے باعث توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔
22 سالہ حنین شاہ نے ایونٹ میں اب تک 8 میچوں میں 14 وکٹیں 17.85 کی اوسط سے حاصل کی ہیں اور اپنی ٹیم کو ایلیمینیٹر 2 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
حنین شاہ، قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کے چھوٹے بھائی ہیں، جبکہ ان کے ایک اور بھائی عبید شاہ بھی بطور تیز گیند باز سامنے آ رہے ہیں اور پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
اپنے بیان میں حنین شاہ نے کہا کہ گھر میں کسی قسم کی مسابقت نہیں بلکہ بھائیوں کے درمیان مکمل تعاون اور حوصلہ افزائی کا ماحول ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نسیم شاہ ان کے رول ماڈل ہیں جنہوں نے انہیں کرکٹ کی طرف راغب کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے والد عباس شاہ، جو پہلے کرکٹ میں زیادہ دلچسپی نہیں رکھتے تھے، اب اپنے تینوں بیٹوں کی وجہ سے باقاعدگی سے میچز دیکھتے ہیں اور خاص طور پر نسیم شاہ کے مقابلوں پر خصوصی توجہ دیتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگر حنین شاہ اور عبید شاہ بھی مستقبل میں پاکستان ٹیم تک رسائی حاصل کر لیتے ہیں تو یہ خاندان ایک ہی گھرانے سے تین بین الاقوامی فاسٹ بولرز دینے کا منفرد اعزاز حاصل کر سکتا ہے۔