دوستی کے بہانے پاکستان آنیوالی دو غیر ملکی خواتین اغوا، مبینہ اجتماعی زیادتی اور 15 لاکھ ڈالر تاوان کیس، 4 ملزمان گرفتار

لاہور ڈیفنس: دو غیر ملکی خواتین اغوا، مبینہ اجتماعی زیادتی اور 15 لاکھ ڈالر تاوان کیس، 4 ملزمان گرفتار

لاہور کے پوش علاقے ڈیفنس میں دو غیر ملکی خواتین کو مبینہ طور پر دوستی کے بہانے پاکستان بلا کر اغوا، یرغمال بنانے، تشدد، جنسی زیادتی اور 15 لاکھ امریکی ڈالر (تقریباً 41 کروڑ روپے) تاوان طلب کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق ہالینڈ سے تعلق رکھنے والی خاتون کی سنگاپور میں پاکستانی شہری علی رضا سے ملاقات ہوئی تھی، جس کی دعوت پر وہ 2 جون کو اپنی وینزویلا سے تعلق رکھنے والی دوست کے ہمراہ پاکستان پہنچیں۔ ایف آئی آر کے مطابق لاہور پہنچنے کے بعد ملزمان نے دونوں خواتین کو یرغمال بنا لیا، جبکہ ہالینڈ کی شہری نے تین ملزمان پر اجتماعی زیادتی کا الزام عائد کیا ہے۔

واقعے کا سراغ اس وقت ملا جب متاثرہ خاتون کے والد نے ہالینڈ سے ایمرجنسی 15 پر بیٹی سے رابطہ منقطع ہونے کی اطلاع دی۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی، موبائل ڈیٹا اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ مرکزی ملزم علی رضا اور دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خواتین کے بیانات، میڈیکل اور فرانزک شواہد کی بنیاد پر ہر پہلو سے شفاف تحقیقات جاری ہیں، جبکہ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ دار ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے تاکہ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔