ٹیکسلا: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مشہور ٹک ٹاکر ‘گلامنہ’ جاں بحق، 15 سالہ بہن زخمی
ٹیکسلا (شیخ غلام مصطفیٰ )
ٹیکسلا کی حدود میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 13 لاکھ (1.3 ملین) فالوورز رکھنے والی مشہور ٹک ٹاکر شمشو عرف ‘گِلامنہ’ جاں بحق جبکہ ان کی 15 سالہ چھوٹی بہن شدید زخمی ہو گئی۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید تشویش اور خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی۔ پولیس نے مقتولہ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
واقعے کی تفصیلات
ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر B-17 کی رہائشی ٹک ٹاکر گِلامنہ اپنی چھوٹی بہن اسمیہ کے ہمراہ گاڑی پر ہسپتال جا رہی تھیں کہ راستے میں ایک نجی پٹرول پمپ کے قریب موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں گولیاں لگنے سے گلامنہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں جبکہ فائرنگ کے دوران گاڑی بے قابو ہو کر ایک ڈمپر سے ٹکرا گئی، جس کے باعث ان کی 15 سالہ بہن اسمیہ بھی زخمی ہو گئی۔
ایف آئی آر کا متن اور قتل کی وجہ:
ٹیکسلا پولیس نے مقتولہ کے والد کی درخواست پر واقعے کی ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ ایف آئی آر میں مقتولہ کے والد نے موقف اختیار کیا ہے کہ:
📌ان کی بیٹی شمشو (گلامنہ) گزشتہ 4 سال سے ٹک ٹاک ویڈیوز بنا رہی تھی۔
📌قتل کی واردات سے قبل ‘کاشف کاشی’ نامی شخص نے ٹیلی فون کر کے گلامنہ کو بلایا تھا، جس پر وہ اپنے بہن بھائی کو ساتھ لے کر گاڑی پر گھر سے نکلی تھی۔
📌مقتولہ کا ‘کوثر’ اور ‘جاوید عرف شاہین’ نامی افراد کے ساتھ پیسوں کے لین دین کا تنازع چل رہا تھا۔
📌مقتولہ نے پہلے بھی متعدد بار والد کو مذکورہ ملزمان کی جانب سے ملنے والی جانی نقصان کی دھمکیوں کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔
والد کا الزام ہے کہ ملزمان نے رقم ہڑپ کرنے کی غرض سے خود یا اپنے نامعلوم کارندوں کے ذریعے ان کی بیٹی کو نشانہ بنوا کر قتل کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد ہی حقائق سامنے لائے جائیں گے۔