وریام والا جھنگ (شیخ غلام مصطفیٰ) تھانہ وریام والا کی حدود میں چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم کا اہلکار ظاہر کرکے پٹرول پمپ مالکان سے بھاری رقم وصول کرنے والے افراد میونسپل کارپوریشن گڑھ مہاراجہ کے اہلکار نکلے، تھانہ وریام والا میں مقدمہ درج، محکمانہ سطح پر بھی کاروائی کا امکان

وریام والاجھنگ (شیخ غلام مصطفیٰ) ایس ایچ او تھانہ وریام والا مہر صدام عمر سنپال کی اپنی ٹیم کے ہمراہ بڑی کارروائی، تھانہ وریام والا کے علاقہ کے متعدد پٹرول پمپوں کے مالکان سے چیف منسٹر انسپکشن ٹیم کا بتا کر تین رکنی جعلی انسپکشن گروہ کو گرفتار کر لیا گیا –

معلوم ہوا کہ الٹو کار نمبری BTN/853 پر سوار ہو کر اپنے آپ کو چیف منسٹر انسپیکشن اسپیشل ٹیم کے اراکین ظاہر کرکے سیال پٹرولیم قائم بھروانہ سے 30 ہزار، خوشی پٹرولیم سعید آباد سے مبلغ 30 ہزار روپے، گجر پٹرولیم سروس سے مبلغ 15 ہزار روپے، بھنگو پٹرولیم وریام والا سے مبلغ 10 ہزار اور اسلم فلنگ اسٹیشن وریام والا سے مبلغ 10 ہزار روپے کا انسپکشن کے نام پر فراڈ کرتے ہوئے وصول کر لیے –

تینوں ملزمان کی تصویر

اسی دوران اسلم فلنگ اسٹیشن کے مالکان کو شک ہوا اور تھانہ وریام والا پولیس کی اس گروہ کے متعلق آگاہ کیا ،جس پر ایس ایچ او تھانہ وریام والا سب انسپکٹر مہر صدام عمر سنپال ہمراہ اپنی ٹیم محمد شفیق اے ایس آئی نے بروقت کارروائی کرتے فرار ہونے کی کوشش میں مزکورہ گاڑی پر سوار تینوں افراد جن کا بعد میں محمد نواز ولد محمد سرور قوم بھٹی سکنہ گڑھ موڑ ،ناصر علی ولد احمد نواز قوم سیال سکنہ گڑھ موڑ اور امداد ولد نثار احمد قوم راجپوت سکنہ شورکوٹ کو گرفتار کرکے مقدمہ بجرم 419 ت پ ،420 ت پ درج کر لیا گیا –

*چیف منسٹر انسپکشن ٹیم کے اہلکار ظاہر کرکے مبینہ رقم وصولی، میونسپل کارپوریشن گڑھ مہاراجہ کے دو حاضر سروس ملازمین کے خلاف مقدمہ درج، فوری معطلی کا مطالبہ*

جھنگ/احمد پور سیال
میونسپل کارپوریشن گڑھ مہاراجہ کے دو حاضر سروس ملازمین کی جانب سے مبینہ طور پر خود کو چیف منسٹر انسپکشن ٹیم کے اہلکار ظاہر کرکے پٹرول پمپس سے رقم وصول کرنے کا معاملہ سامنے آنے پر محکمہ جاتی سطح پر بھی تشویش پیدا ہوگئی ہے۔ دونوں ملازمین کے خلاف تھانہ وریام والا میں مقدمہ درج ہونے کے بعد انہیں فوری طور پر معطل کرنے اور محکمانہ کارروائی شروع کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق میونسپل کارپوریشن گڑھ مہاراجہ، تحصیل احمد پور سیال، ضلع جھنگ میں تعینات ٹریسر محمد نواز اور ایس ڈبلیو ناصر علی کے خلاف تھانہ وریام والا میں مقدمہ نمبر 390/26 زیر دفعات 419 اور 420 تعزیراتِ پاکستان درج کیا گیا ہے۔

دستیاب اطلاعات کے مطابق دونوں سرکاری ملازمین پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی سرکاری حیثیت کا مبینہ طور پر ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے خود کو چیف منسٹر انسپکشن ٹیم کے اہلکار ظاہر کیا اور تحصیل شورکوٹ کی حدود میں مختلف پٹرول پمپس سے رقم وصول کی۔ معاملہ پولیس کے علم میں آنے کے بعد باقاعدہ فوجداری مقدمے کا اندراج عمل میں لایا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک اعلیٰ حکومتی فورم کا نام استعمال کرکے کاروباری افراد سے مبینہ طور پر رقم وصول کرنے کا معاملہ محض محکمانہ بے ضابطگی تک محدود نہیں بلکہ سرکاری اداروں کی ساکھ اور عوامی اعتماد سے بھی جڑا ہوا ہے۔ تاہم مقدمے میں عائد الزامات کی حتمی قانونی حیثیت کا تعین تفتیش اور عدالت کے ذریعے ہونا باقی ہے۔

مذکورہ صورتحال کے پیش نظر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ دونوں حاضر سروس ملازمین کو فوری طور پر معطل کیا جائے تاکہ فوجداری تفتیش کے دوران وہ اپنے سرکاری عہدے یا اثر و رسوخ کو استعمال نہ کرسکیں اور محکمانہ ریکارڈ، متعلقہ افراد یا ممکنہ شواہد پر اثرانداز ہونے کا کوئی خدشہ باقی نہ رہے۔

ذرائع کے مطابق دونوں ملازمین کی تعیناتی، فرائض، سابقہ محکمانہ ریکارڈ اور سرکاری حیثیت کے ممکنہ استعمال سے متعلق ریکارڈ بھی محفوظ کیا جانا چاہیے، جبکہ پولیس تفتیش میں متعلقہ محکمہ کی جانب سے مکمل تعاون یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

شہری و کاروباری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر تحقیقات میں الزامات درست ثابت ہوتے ہیں تو ذمہ دار عناصر کے خلاف فوجداری کارروائی کے ساتھ ساتھ محکمانہ قواعد کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ سرکاری عہدوں اور حکومتی اداروں کے نام کے مبینہ ناجائز استعمال کی حوصلہ شکنی ہوسکے۔

پٹرول پمپ مالکان نے بروقت کارروائی کرنے پر ایس ایچ او تھانہ وریام والا سب انسپکٹر مہر صدام عمر سنپال اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ہے –

شیخ غلام مصطفیٰ چیف ایڈیٹر پاکستان آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +
شیخ غلام مصطفیٰ سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +