*لاہور: اسلام پورہ میں 25 سالہ ٹک ٹاکر لڑکی پراسرار طور پر مردہ حالت میں فلیٹ سے برآمد*
لاہور کے علاقے اسلام پورہ میں 25 سالہ ارشمہ نامی لڑکی فلیٹ میں پراسرار طور پر مردہ حالت میں پائی گئی۔ پولیس کے مطابق ارشمہ گزشتہ تقریباً ایک سال سے فلیٹ میں اکیلی رہائش پذیر تھی۔
اہل علاقہ کے مطابق گزشتہ چند روز سے ارشمہ نظر نہیں آ رہی تھی، جبکہ فلیٹ سے بدبو آنے پر عمارت کے مالک کی بہن نے دروازہ کھولا تو ارشمہ کو مردہ حالت میں پایا، جس پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق فلیٹ کا دروازہ کھلا ہوا تھا، جبکہ عمارت میں مختلف منزلوں پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب ہیں۔ پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ موت کی حتمی وجہ تفتیش اور ضروری قانونی کارروائی کے بعد ہی سامنے آئے گی، جبکہ سی سی ٹی وی ریکارڈنگ اور دیگر شواہد کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔