*ملتان میں 15 سالہ یتیم بچے وسیم عباس کو گاڑی تلے کچلنے کا مقدمہ، مرکزی ملزم توقیر نذیر مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک*
*معصوم بچے کے المناک قتل پر عوامی غم و غصے کے بعد اہم پیش رفت، ملزم بہاولپور کے قریب سی سی ڈی کارروائی میں مارا گیا*
ملتان/بہاولپور
ملتان کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں 15 سالہ یتیم بچے وسیم عباس کو گاڑی تلے کچلنے کے افسوسناک واقعے کے مقدمے میں نامزد مرکزی ملزم توقیر نذیر بہاولپور کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔
معصوم بچے کی المناک موت کے واقعے نے عوامی سطح پر شدید تشویش پیدا کر دی تھی اور شہری اس مقدمے میں انصاف کے منتظر تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق توقیر نذیر کو واقعے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا اور وہ چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں تھا۔ بعد ازاں اس کے پولیس حراست سے فرار ہونے کی اطلاع سامنے آئی۔
پولیس حکام کے مطابق بہاولپور کے قریب کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کی کارروائی کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں توقیر نذیر ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے بیان کے مطابق ملزم اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے مارا گیا، جبکہ دوسرا شخص فرار ہوگیا۔
مزکورہ قاتل جو انجام کو پہنچ گیا، انصاف جیت گیا بزریعہ سی سی ڈی
وسیم عباس کی موت کے واقعے نے ایک بار پھر بچوں کے تحفظ، انسانی جان کی حرمت اور معاشرے میں کمزور طبقات کے حقوق سے متعلق سنجیدہ سوالات کو اجاگر کیا ہے۔
شہری حلقوں کی جانب سے ایسے واقعات میں شفاف تحقیقات، قانون کے مطابق کارروائی اور متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیا جا رہا ہے۔