کھیر میں چھپکلی ہونے کے باوجود کھانا پورے خاندان کی موت کا سبب بن گئی، ایک افسوسناک واقعہ میں پانچ افراد کی ہلاکت بہت سے سوالات چھوڑ گئی

چھپکلی / جو تین کڑیل جوان بھائیوں سمیت پورے خاندان کی جان لے گئی

قصور کے قصبہ کنگن پور کے گاوں “محمود خانیکے” میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں گھر میں پکی کھیر کھانے سے چھ دن میں گھر کے پانچوں افراد جان کی بازی ہارچکے ہیں۔ گھر کے مکینوں میں قاسم اسکی بیوی حسنہ اور انکے تین بیٹے ناظم، آصف اور امانت شامل تھے۔

پولیس اور مقامی لوگوں کے مطابق 22 تاریخ کو گھر میں پکی کھیر کھانے کے بعد سب سے قبل ناظم کی حالت بگڑی، پورا خاندا کھیتی باڑی کرتا تھا، ناظم کی طبعیت خراب ہونے پر پیر دم کروایا گیا مگر کوئی فرق نہ پڑا، تین روز یونہی گزرے جس کے بعد 25 اکتوبر کو گھر کے تمام افراد کو کنگن پور لے جایا گیا جہاں سے انہیں DHQ قصور ریفر کیا گیا وہاں سے ان کو لاہور جنرل ہسپتال منتقل کیا جہاں سب سے پہلے ناظم کی موت ہوئی اور اسے اسی روز بغیر کسی قانونی کارروائی دفن کردیا گیا، پھر ایک روز بعد قاسم اور اسکے دونوں بیٹوں امانت اور آصف کی بھی موت ہوگئی، جب باپ بیٹوں کی نماز جنازہ ہورہی تھی تو اسی دوران حسنہ بھی ہسپتال میں چل بسیں۔

بی بی سی نے رپورٹ کیا ہے کہ وفات سے قبل قاسم نے پولیس کو بتایا کہ گھر میں کھیر پکی تھی جو سب نے کھائی، کھیر میں ایک چھپکی گری تھی جسے نکال کر پھینک دیا گیا اور کھیر کا اتنا حصہ بھی پھینکا گیا تاہم باقی کھیر گھر والوں نے کھالی ۔پولیس کے مطابق 174 کی کارروائی کرتے ہوئے تمام نعشیں ورثاء کے حوالے کردی گئی ہیں، ناظم کے علاوہ تمام افراد کو پوسٹ مارٹم کروایا گیا ہے جسمانی نمونے بھی لیے گئے ہیں جن کو فرانزک کے لیے بھجوادیا گیا ہے۔فیملی کی کسی سے کوئی دشمنی نہ تھی۔