*اسلام آباد: مساج سینٹرز اور مبینہ قحبہ خانوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 40 خواتین سمیت 52 افراد گرفتار*
اسلام آباد پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت میں مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے 7 اسپا سینٹرز اور 2 مبینہ قحبہ خانوں پر چھاپے مار کر 40 خواتین اور 12 مردوں سمیت 52 افراد کو گرفتار کر لیا، جبکہ 9 مقدمات درج کر لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ کوہسار کی حدود میں 2 اسپا سینٹرز سے 14، تھانہ مارگلہ کی حدود میں 4 اسپا سینٹرز سے 19 جبکہ تھانہ کراچی کمپنی کی حدود میں ایک اسپا سینٹر سے 3 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
اسی طرح تھانہ آئی نائن کی حدود میں 2 مبینہ قحبہ خانوں کو سیل کرتے ہوئے 12 خواتین سمیت 16 افراد کو حراست میں لیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے، جبکہ غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔