دھی تے آخر دھی ہوندی اے
تحریر: حبیب منظر 03027691808
بیٹی صرف ایک گھر کی خوشی نہیں بلکہ پورے معاشرے کی عزت اور محبت کا استعارہ ہے۔ جب کسی معصوم بچی کے ساتھ ظلم ہوتا ہے تو ہر حساس دل تڑپ اٹھتا ہے۔ ایسے واقعات ہمیں احساس دلاتے ہیں کہ بچوں کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،
کوٹ ادو کے تھانہ سٹی چوک سرور شہید کی حدود میں 25 اکتوبر 2026ء کو تین سالہ بچی عروۃ الوثقیٰ کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی کے افسوس ناک واقعے نے علاقے کو سوگوار کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق ریڑھے پر سبزی فروخت کرنے والے ایک شخص پر اس سنگین جرم کا الزام ہے واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ سٹی چوک سرور شہید محمد فاروق نے چھ ٹیمیں تشکیل دے کر سی سی ٹی وی فوٹیج، جیو فینسنگ اور دیگر جدید ذرائع سے ملزم کی تلاش شروع کرائی۔
پولیس کے مطابق تقریباً دو گھنٹے میں لکھ میر نامی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ یہ فوری کارروائی پولیس کی مستعدی اور پیشہ ورانہ مہارت کی عکاس ہے ایس ایچ او محمد فاروق نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں معصوم بچی کی چیخیں سن کر وہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔
ان کے بقول، ہم سب بیٹیوں والے ہیں، بیٹیاں سانجھی ہوتی ہیں اور ان کے دکھ بھی سانجھے ہوتے ہیں۔ ان الفاظ میں انسانیت اور احساس کی وہ جھلک دکھائی دیتی ہے جو معاشرے کو جوڑتی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کی اور ملزم کی گرفتاری پر ردعمل ظاہر کیا۔
اب ضروری ہے کہ تفتیش شفاف انداز میں مکمل ہو، متاثرہ خاندان کو تحفظ فراہم کیا جائے اور جرم ثابت ہونے پر ملزم کو قانون کے مطابق سزا ملے، بلاشبہ ایس ایچ او محمد فاروق اور ان کی ٹیم کی بروقت کارروائی قابلِ تحسین ہے۔ اگر پولیس افسران اسی جذبے، دیانت داری اور فرض شناسی سے کام کریں تو جرائم کی روک تھام اور امن و امان کے قیام میں نمایاں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ معصوم بچوں کی حفاظت ہم سب کا فرض ہے، کیونکہ:
تیری میری کی ہوندی اے،
دھی تے آخر دھی ہوندی اے۔
شیخ غلام مصطفیٰ چیف ایڈیٹر پاکستان آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +