غیرت کے نام پر ماں اور اور دو بہنوں کو قتل کرکے گھر کو آگ لگا کر حادثہ ظاہر کرنے کی کوشش کرنے والا گرفتار

*ملتان: غیرت کے نام پر لرزہ خیز واردات، بیٹے نے ماں اور دو بہنوں کو قتل کرکے گھر کو آگ لگا دی، حادثہ ظاہر کرنے کی کوشش ناکام*

ملتان: تھانہ ڈی ایچ اے کی حدود میں آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات میں انتہائی اہم انکشاف سامنے آگیا، جہاں ماں اور دو بیٹیوں کے قتل میں ان کا اپنا بیٹا امان عباس ملوث نکلا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔

پولیس کے مطابق آتشزدگی کے واقعے کے بعد خفیہ تحقیقات جاری رکھی گئیں، جس کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم امان عباس نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر اپنی ماں اور دو بہنوں کے سروں پر لکڑی سے وار کرکے انہیں بے ہوش کیا اور بعدازاں پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی تاکہ قتل کی واردات کو آتشزدگی کا حادثہ ظاہر کیا جا سکے۔

پولیس نے اس پٹرول پمپ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی ہے جہاں سے ملزم نے واردات کے لیے پٹرول خریدا تھا۔ غیر قانونی طور پر پٹرول فراہم کرنے والے پٹرول پمپ کے متعلقہ ذمہ داران کے خلاف بھی کارروائی شروع کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے دوران تفتیش تینوں خواتین کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔ واقعے کی تفتیش میرٹ پر مکمل کرکے ملزم کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور اسے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔