پیٹرولیم مصنوعات میں سستا کیمیکل ملا کر مہنگے داموں بیچے جانے کا انکشاف

*پیٹرولیم مصنوعات میں سستا کیمیکل ملا کر مہنگے داموں بیچے جانے کا انکشاف*

اسلام آباد (بلال سہو): پیٹرولیم مصنوعات میں سستا کیمیکل ملا کر مہنگے داموں بیچے جانے کا انکشاف، پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے معاملہ وفاقی حکومت کے سامنے اٹھا دیا وزیرپیٹرولیم اورچیئرمین اوگرا کو خط لکھ دیا۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرزایسوسی ایشن کی جانب سے لکھے خط میں کہا گیا ہے کہ سالونٹ آئل مخصوص صنعتی کاموں کیلئے تیار اور فروخت کیا جاتا ہے، اس سے پیٹرول اور ڈیزل میں ملا کر فروخت کر کے ناجائز منافع کمایا جارہا ہے، یہ آئل گاڑیوں کے انجن کیلئے نقصان دہ ہے، کیمیکل ملے پیٹرول کی فروخت سے قانونی پٹرول پمپ مالکان کو مالی نقصان ہوتا ہے۔

پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہےکہ حکومت کوبھی ٹیکس کی مد میں بڑا نقصان ہوتا ہے، سالونٹ آئل مضرصحت، کینسرکا باعث بن سکتا ہے، سالونٹ آئل ذرائع کی تحقیقات، مقامی ریفائنریزکی پیداوار، فروخت ڈیٹا کی نگرانی کی جائے۔

خط میں درآمد شدہ سالونٹ آئل کی کسٹمز کلیئرنس، خریداروں، تقسیم کے ریکارڈ کی کڑی نگرانی اور پیداوار اور درآمد کا فوری آڈٹ کا مطالبہ کیا گیا، اس کے علاوہ کیا گیا کہ ترسیل اور ذخیرہ کی سخت نگرانی، انسپیکشن اور لیبارٹری ٹیسٹنگ موثر کی جائے۔