
چنیوٹ (اظہار سید سے)موضع ساہمل میں ممکنہ سیلابی صورتحال، ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان کا دورہ، انتظامات کا جائزہ،تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عائشہ رضوان نے اسسٹنٹ کمشنر بھوانہ شینا اعظم، ایکسین ایریگیشن، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 طاہرہ خان اور دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ تحصیل بھوانہ کے علاقہ موضع ساہمل کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دریائے چناب میں پانی کی سطح، حفاظتی بندوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے موقع پر ایکسین ایریگیشن نے ڈپٹی کمشنر کو موضع ساہمل کی جغرافیائی صورتحال، دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ، حفاظتی بندوں کی موجودہ حالت اور ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے اہل علاقہ سے ملاقات بھی کی اور انہیں ہدایت کی کہ ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں اور ضرورت پڑنے پر بروقت محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں تاکہ کسی بھی جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے موضع ساہمل میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، محکمہ لائیو سٹاک، محکمہ صحت، ریونیو اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 طاہرہ خان اور ریونیو افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام فلڈ ریلیف کیمپ مکمل طور پر فعال ہیں، ریسکیو ٹیمیں ہائی الرٹ ہیں جبکہ ممکنہ سیلابی صورتحال سے متعلق علاقہ مکینوں کو مسلسل آگاہی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی رابطے کو مزید مؤثر بنائیں، فلڈ ریلیف کیمپس میں تمام ضروری سہولیات کی دستیابی یقینی بنائیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں۔
شیخ غلام مصطفیٰ چیف ایڈیٹر پاکستان آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +