قصور: ماں، باپ اور تین بیٹوں کی ہلاکت کے مقدمے میں نیا موڑ، ’کھیر چھپکلی سے آلودہ نہیں ہوئی بلکہ بیٹی نے زہر دیا
ضلع قصور میں مبینہ طور پر زہریلی کھیر کھانے سے ماں، باپ اور تین بیٹوں کی ہلاکت کے مقدمے میں پولیس نے مقتول قاسم علی کی بیٹی سمیت چار افراد کے خلاف قتل اور اقدامِ قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمے میں نامزد ملزمان پر الزام ہے کہ انھوں نے کھیر میں زہر ملا کر خاندان کے افراد کو نشانہ بنایا۔
پولیس کے مطابق مقتول کی بیٹی غلام فاطمہ اور علی نامی شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دو دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ غلام فاطمہ نے دیگر ملزمان کے ساتھ مل کر کھیر میں گندم محفوظ رکھنے والی زہریلی گولیاں ملائیں، جسے کھانے سے قاسم علی، ان کی اہلیہ اور تین بیٹے ہلاک ہو گئے جبکہ ایک بیٹا بچ گیا۔