احمد پور سیال:سول سوسائٹی یوتھ کونسل آف پیٹریاٹس (SYCOP) کے زیر اہتمام ایک عوامی فورم منعقد کیا گیا جس میں پارلیمانی سیکریٹری برائے اعلیٰ تعلیم اور MPA-268 محمد اجمل خان، ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات احسان قادر، پاکستان پیپلز پارٹی ضلع صدر ملک مظہر پہوڑ، اور خواجہ سرا رہنما شانہ عباس نے خصوصی شرکت کی۔
اس عوامی فورم کا مقصد پاکستان کے توانائی بحران اور اس کے اثرات پر بات چیت کرنا تھا۔۔فورم کے آغاز میں شرکاء کو پاکستان کے توانائی کے شعبے کے موجودہ مسائل سے آگاہ کیا گیا، جس میں توانائی کی طلب اور رسد کے درمیان فرق، مہنگے درآمدی ایندھن پر انحصار، اور بجلی کی ترسیل میں ناکامیاں شامل تھیں۔
فورم میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ پاکستان کو 2023 میں 6000 میگاواٹ بجلی کی کمی کا سامنا رہا، جس کی وجہ سے ملک کے بیشتر حصوں میں طویل لوڈشیڈنگ ہوتی رہی۔۔
محمد اجمل خان نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ توانائی کے بحران نے نہ صرف معاشی ترقی کو نقصان پہنچایا ہے بلکہ روزگار کے مواقع بھی محدود کر دیے ہیں۔ انہوں نے کہاحکومت پنجاب وفاقی حکومت کے ساتھ ملکر توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور قابل تجدید توانائی کے ذرائع میں سرمایہ کاری کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے-
تاکہ توانائی کی قلت کو کم کیا جا سکے۔ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات احسان قادر نے توانائی بحران کے عوامی زندگی پر اثرات پر گفتگو کی اور اس بات پر زور دیا کہ حکومت کو توانائی کے شعبے میں مزید سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔ انہوں نے سرکاری سطح پر توانائی کے ضیاع اور سرکلر ڈیٹ کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنے کے اقدامات کی بھی حمایت کی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلع صدر ملک مظہر پہوڑ نے کہا کہ عوام کو توانائی کے بڑھتے ہوئے بلوں کا سامنا ہے، اور اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے سرکاری اور نجی شعبے کے درمیان شراکت داری پر بھی زور دیا تاکہ توانائی بحران کا دیرپا حل نکالا جا سکے۔۔شانہ عباس، خواجہ سرا رہنما، نے کہا کہ توانائی بحران کے باعث ملک میں غریب اور متوسط طبقے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، اور اس بحران کے اثرات خواجہ سرا کمیونٹی پر بھی پڑ رہے ہیں۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ تمام معاشرتی طبقات کو مدنظر رکھتے ہوئے اصلاحاتی منصوبے بنائے۔۔اس موقع پر فورم میں موجود مختلف شرکاء نے اپنے خیالات کا اظہار کیا، جن میں چھوٹے کاروباری نمائندے، غریب گھرانے، اور سیلاب سے متاثرہ کمیونٹیز کے افراد شامل تھے۔ ان تمام افراد نے توانائی بحران اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے بارے میں اپنی مشکلات بیان کیں۔
فورم کا اختتام شکریہ کے کلمات اور ایک دستخطی مہم کے ساتھ ہوا، جس میں شرکاء نے توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے مطالبات پر دستخط کیے۔ اس تقریب میں 50 سے زائد شرکاء نے شرکت کی، جن میں مقامی سول سوسائٹی کے نمائندے، پارلیمانی اراکین، میڈیا، اور ماحولیاتی تنظیمیں شامل تھیں
رپورٹ ضیغم عباس عاجز بیورو چیف پاکستان جھنگ آن لائن نیوز-
شیخ غلام مصطفیٰ سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ ان لائن نیوز نیٹ ورک /پاکستان آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +