ایکسل لوڈ لمٹ کے قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں،اویس چوہدری ایڈووکیٹ
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام صادق آباد میں ایک عظیم الشان جلسے کا انعقاد کیا گیا
جلسے سے صدر KGCA ملک شیر خان ،امداد حسین نقوی ،چوہدری قمر الزماں گل ،ملک شفاء اللہ اعوان سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا
کراچی (+)
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام صادق آباد میں ایک عظیم الشان جلسے کا انعقاد کیا گیا تھا۔ جس میں ملک بھر کے گڈز ٹرانسپورٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں کراچی گڈز کیریئر ایسوسی ایشن کے صدر ملک شیر خان اور آل پاکستان اعوان اتحاد گڈز ٹرانسپورٹ کے چیئرمین ملک شفاء اللہ اعوان نے بھی خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں حکومت سندھ اور سندھ پولیس سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ہمارے اغواء ہونے والے ڈرائیورز کو فی الفور بازیاب کروائے ورنہ ہم سندھ پنجاب بارڈر کو اپنی گاڑیاں لگا کر بند کر دیں گے۔ اس کے علاوہ وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ ایکسل لوڈ لمٹ کے قانون کو ملک بھر میں یکساں طور پر نافذ کیا جائے۔ اوورلوڈنگ کو کمائی کا دھندہ بنانے کی بجائے موٹروے پولیس اور دیگر ادارے اپنی ذمہ داری پر توجہ دیں اور ایکسل لوڈ لمٹ کے قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا گیا کہ پنجاب میں سیمنٹ فیکٹریوں کی اوورلوڈنگ رکوائی جائے، کیونکہ پنجاب میں روزانہ تقریباً 75 ہزار ٹن سیمنٹ اوورلوڈنگ کے ذریعے پورے پنجاب میں سپلائی کیا جا رہا ہے۔ اس اوورلوڈنگ کو ڈی آئی جی پٹرولنگ پولیس اطہر وحید صاحب کی مکمل سرپرستی حاصل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پٹرولنگ پولیس کی چوکیاں رشوت وصول کر کے اوورلوڈ گاڑیوں کو تحفظ فراہم کر رہی ہیں۔ اجلاس میں محمد اویس چوہدری ایڈووکیٹ نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہماری دس وہیلر گاڑیوں کے لیے 35 ٹن وزن پر منظور کیا جائے تاکہ ہماری یہ گاڑیاں بھی بہتر روزگار حاصل کر سکیں۔اجلاس میں اس عظم کا اظہار بھی کیا گیا کہ ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز اپنے اختلافات بالائے طاق رکھ کر ٹرانسپورٹ برادری کے اجتماعی مفادات کے لیے مشترکہ کوشش کریں گے۔ آخر میں حاضرین جلسہ اور دیگر معزز ٹرانسپورٹرز کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا گیا۔
کیپشن
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام صادق آباد میں ایک عظیم الشان جلسے سے محمد اویس چوہدری ایڈووکیٹ ،ملک شیر خان ودیگر رہنماؤں خطاب کررہے ہیں