کھانے میں تاخیر ،60 سالہ دادا نے اپنے کم عمر دو پوتوں کو قتل کر دیا ،بیوی اور بہو شدید زخمی

*ماموں کانجن: گھریلو جھگڑے پر دادا کے ہاتھوں دو کمسن پوتوں کا قتل، دو خواتین زخمی*

فیصل آباد: تھانہ ماموں کانجن کے علاقے چک نمبر 497 میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں گھریلو لڑائی جھگڑے کے دوران ایک شخص نے مبینہ طور پر بگدے کے وار کرکے اپنے دو کمسن پوتوں کو قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق ملزم شاہ محمد نے مبینہ طور پر اپنے 6 سالہ پوتے عدیل اور 5 سالہ نبیل پر بگدے کے وار کیے، جس کے نتیجے میں دونوں بچے موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ واقعے میں ملزم کی اہلیہ عائشہ بی بی اور بہو حمیرا بی بی بھی شدید زخمی ہوئیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سی پی او فیصل آباد تنویر حسین نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر ڈویژن مہر سعید سیال سے رپورٹ طلب کرلی۔ ایس پی صدر ڈویژن کی سربراہی میں ایس ایچ او ماموں کانجن طارق امیر نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ ملزم شاہ محمد کو موقع سے گرفتار کرلیا۔

پولیس اور دیگر سینئر افسران موقع پر موجود ہیں جبکہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیئے ہیں۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔