پھالیہ: دوست کے بلانے پر گھر سے جانے والا نوجوان مبینہ طور پر قتل
منڈی بہاؤالدین پھالیہ کے نواحی گاؤں کوٹ ہست میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں انس رانجھا نامی نوجوان کو مبینہ طور پر اس کے دوست نے گھر سے بلا کر فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔
ذرائع کے مطابق انس رانجھا اپنے والدین کی اکلوتی اولاد تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ رات تقریباً 8 بجے اس کا دوست فاروق عرف فاروقی اسے گھر سے اپنے ساتھ ایک ڈیرے پر لے گیا، جہاں مبینہ طور پر اس پر تین فائر کیے گئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں انس موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں کہرام مچ گیا، جبکہ مقتول کے والدین اور اہلخانہ غم سے نڈھال ہیں۔ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ انس کی والدہ نے اسے رات کے وقت باہر جانے سے روکنے کی کوشش بھی کی تھی، تاہم دوست کے بلانے پر وہ گھر سے چلا گیا۔
لواحقین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کرکے مبینہ قاتل کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے تاکہ آئندہ کسی خاندان کا چراغ اس طرح نہ بجھ سکے۔
اہلخانہ کا کہنا ہے کہ بیٹا واپس تو نہیں آسکتا، تاہم انصاف ایسا ہونا چاہیے کہ کسی کو آئندہ ایسی سنگین واردات کرنے سے پہلے سو بار سوچنے پر مجبور ہو جائے –