فاطمیہ فری میڈیکل کیمپ کے دوسرے روز بھی سینکڑوں مریض مستفید، اب تک 2000 سے زائد افراد کا علاج
احمد پور سیال/جھنگ(ضیغم عباس جنجیانہ سیال سے) بستی جنجیانہ میں جامعہ نورالقرآن فاطمیہ کے زیرِ اہتمام فاطمیہ فری میڈیکل کیمپ دوسرے روز بھی جاری رہا۔ کیمپ کے آغاز پر ہی مریضوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، اور دن بھر دور دراز دیہات سے آنے والے سینکڑوں افراد نے علاج معالجے کی سہولت حاصل کی۔
انتظامیہ کے مطابق کیمپ میں مریضوں کو چیک اپ، فری ٹیسٹ اور ادویات بالکل بلا معاوضہ فراہم کی جا رہی ہیں
رپورٹ کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 2000 سے زائد مریضوں کا چیک اپ اور ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، جن میں ملیریا، آنتوں کا بخار، کھانسی، شوگر اور بلڈ پریشر کے مریض شامل ہیں۔ حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد علاقے میں وبائی امراض تیزی سے پھیل رہے تھے،
جس کے نتیجے میں بچوں، خواتین اور بزرگوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ ایسے حالات میں فاطمیہ فری میڈیکل کیمپس عوام کے لیے کسی نعمت سے کم ثابت نہیں ہو رہے
پرنسپل جامعہ نورالقرآن فاطمیہ مولانا جابر علی خان نے اس موقع پر کہا کہ انسانیت کی خدمت اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا دینی اور سماجی فریضہ ہے۔
ان کے بقول یہ فری میڈیکل کیمپس غریب اور نادار مریضوں کے لیے بڑی سہولت ہیں جو مالی تنگدستی کے باعث علاج نہیں کرا سکتے
کیمپ میں ماہر ڈاکٹر عون رضا نے مریضوں کا تفصیلی معائنہ کیا، فری ٹیسٹ کیے اور ہر مریض کو مرض کی نوعیت کے مطابق معیاری ادویات فراہم کیں۔ خواتین اور بچوں کے لیے الگ انتظامات کیے گئے تھے تاکہ ان کی سہولت میں اضافہ ہو سکے-
اہلِ علاقہ نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ علاج کے بغیر تڑپ رہے تھے، اب انہیں ان فری میڈیکل کیمپس کے ذریعے سہارا ملا ہے۔ عوام نے جامعہ نورالقرآن فاطمیہ کی انتظامیہ اور ڈاکٹروں کے اس خدمتِ خلق کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ مزید لوگوں کو فائدہ پہنچ سکے-
شیخ غلام مصطفیٰ چیف ایڈیٹر پاکستان آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +